سرینگر//
زائد از ۳۰ برسوں کے بعد وادی میں ملٹی پلیکس کی شکل میں بڑے اسکرین کی واپسی ہو رہی ہے ۔
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘منوج سنہا آئندہ منگل کو سونہ وار میں وادی کے پہلے ملٹی پلیکس کا افتتاح کریں گے ۔
بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کی تازہ ترین فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ سخت گیر موقف رکھنے والی تنظیموں کی جانب سے بائیکاٹ کی کال کے سبب اگر چہ باکس آفس پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی تاہم فلم کے ہیرو عامر خان اور ان کے مداحوں کو یقینا اس خبر سے کافی مسرت ہوگی کہ فلم کو ۲۰ستمبر منگل کو وادی کشمیر کے پہلے ملٹی پلیکس میں ریلیز کیا جائے گا۔
کشمیر میں فلموں کے شائقین اس لمحہ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں جب شہر کے تجارتی مرکز لال چوک سے چند منٹ کی مسافت پر واقع ہائی سیکورٹی زون، سونہ وار علاقے میں ملٹی پلیکس کھول دیا جائے گا۔
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا منگل کو صبح گیارہ بجے ملٹی پلیکس کا افتتاح کریں گے۔
واضح رہے کہ کشمیر بالی ووڈ فلموں کی شوٹنگ کے لیے پسندیدہ مقام ہوا کرتی تھی۔ ۱۹۹۰کی دہائی تک بالی ووڈ کی اکثر فلموں کی شوٹنگ کا کچھ نہ کچھ حصہ وادی کشمیر میں شوٹ کیا جاتا تھا تاہم کشمیر میں عسکریت پسندی کے آغاز کے فوراً بعد ہی سلسلہ رک گیا اور سینما ہال بھی بند ہو گئے۔