جموں///
جموں کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) نالین پربھات نے جمعرات کے روز ضلع پونچھ کے اسپتال کا دورہ کیا اور وہاں حالیہ سرحد پار شیلنگ کے دوران زخمی ہونے والے عام شہریوں کی عیادت کی۔
ڈی جی پی پربھات نے ضلع اسپتال پونچھ میں داخل متعدد زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے ان کے علاج معالجے کی تفصیلات حاصل کیں اور متاثرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر ڈی جی پی نے کہا’’جموں و کشمیر پولیس شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے ‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور پولیس انتظامیہ زخمی شہریوں کے اہل خانہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ڈی جی پی نالین پربھات کے ہمراہ دیگر اعلیٰ پولیس افسران اور ضلعی انتظامیہ کے عہدیدار بھی موجود تھے ۔
قابل ذکر ہے کہ پونچھ اور راجوری کے سرحدی علاقوں میں پاکستان کی جانب سے کی جانے والی شدید شیلنگ کے نتیجے میں کئی عام شہری ہلاک اورمتعدد زخمی ہوئے جبکہ ہزاروں کنبوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کرنے پر بھی مجبور ہونا پڑا تھا۔