جموں//
فوج کے شمالی کمان کے کمانڈر‘ لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے جمعرات کے روز راجوری میں اگلی چوکیوں کا دورہ کرنے کے موقع پر سرحدوں کی صورتحال اور فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کے روز شمالی کمان کے سربراہ نے راجوری میں اگلی چوکیوں کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ فوج کی تیاریوں کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
ترجمان نے کہاکہ فوجی کمانڈر کو۱۶ویں کور کے کمانڈر نے راجوری کی موجودہ سیکورتی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی اور انہیں مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی۔
بیان میں کہا گیا کہ فوجی کمانڈر نے اپنے دورے کے دوران راجوری میں تعینات فوج کے سینئر آفیسروں کے ساتھ بات چیت کی اور لائن آف کنٹرول پر قائم مستحکم دراندازی مخالف گرڈ کی سراہنا کی۔
ترجمان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرنے کے لئے فوج کے نظم و ضبط کی داد دی۔انہوں نے کہا کہ موصوف کمانڈر نے راجوری میں فوج کی طرف سے چلائے جانے والے ملی ٹینسی مخالف آپریشنز کی بھی تعریفیں کیں۔
ذرائع نے بتایا کہ فوجی کمانڈر کو ضلع راجوری میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی ۔ان کا کہنا ہے کہ راجوری میں ایل او سی پر فوج کی تعیناتی اور دراندازی کے واقعات کو ناکام بنا نے کی خاطر فوج کی جانب سے اپنائی جارہی حکمت عملی کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔