سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا کی صدارت میں یہاں میٹنگ ہوئی انتظامی کونسل (اے سی) نے جموں کشمیر میں گھریلو بجلی صارفین کیلئے ایمنسٹی اسکیم کو منظوری دی۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر، جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشوار کمار نے میٹنگ میں شرکت کی۔
ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ اس فیصلے سے۵۰ء۵ لاکھ سے زیادہ گھریلو صارفین کو۳۴ء۹۳۷ کروڑ روپے کی رقم معاف کر کے فائدہ پہنچے گا۔یہ خطیر رقم بروقت واجبات کی عدم ادائیگی ‘سرچارج یا سود کے طور پر جمع ہوئی ہے۔
انتظامی کونسل نے صارفین کو یہ آخری موقع فراہم کیا ہے کہ اسکیم کی مدت کے دوران کوویڈ ۱۹ وبائی بیماری کے پھیلاؤ کی وجہ سے آخری اسکیم کے فوائد حاصل نہ کرسکے۔
نئی اسکیم میں یہ تصور کیا گیا ہے کہ۳۱مارچ۲۰۲۲ تک ایک سو فیصد سود/سرچارج ختم کرنے کے بعد جمع ہونے والے بقایا اصل رقم زیادہ سے زیادہ بارہ ماہانہ (۱۲) قسطوں میں ادا کی جائے گی۔
اس اسکیم میں مزید یہ بھی شامل ہے کہ مقررہ بارہ (۱۲) ماہ کی مدت کے اندر کسی بھی قسط/اقساط کی ادائیگی میں ناکامی پر بقایا واجبات پر کمپاؤنڈ سود کی وصولی کے علاوہ بجلی ایکٹ ۲۰۱۰ کے تحت جرمانہ اور قانونی کارروائی کو دعوت دے گی۔
جو صارفین ماہانہ بقایا اقساط کی ادائیگی کے ساتھ موجودہ بل کی ادائیگی میں ناکام رہتے ہیں وہ بجلی کی فراہمی منقطع کرنے کے علاوہ ایمنسٹی سکیم کے فوائد سے بھی محروم ہو جائیں گے۔
اسکیم کے موثر نفاذ کی نگرانی کیلئے ایک خود مختار پروجیکٹ مینجمنٹ ایجنسی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔