نئی دہلی/۷ستمبر
محکمہ انکم ٹیکس نے رجسٹرڈ غیر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو چندہ دینے میں دھوکہ دہی کی تحقیقات کے سلسلے میں کئی مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔
محکمہ کے افسران نے اسکولی بچوں کے لیے چلائی جارہی مڈ ڈے میل اسکیم میں گھپلے کے سلسلے میں بدھ کو پورے ملک میں تلاشی مہم بھی شروع کی ہے ۔
محکمہ انکم ٹیکس کے ایک سینئر افسر نے آج یہاں یہ جانکاری دی۔ اہلکار نے بتایا کہ راجستھان، کرناٹک، مہاراشٹر، دہلی، مدھیہ پردیش، گجرات اور اتر پردیش میں چھاپے مارے گئے ہیں۔
ادھر لکھنو کے ذرائع نے بتایا کہ انکم ٹیکس ٹیموں نے اتر پردیش کی راجدھانی اور صنعتی شہر کانپور میں بھی کچھ مقامات پر تلاشی لی ہے ۔
نئی دہلی میں ایک اہلکار نے یو این آئی کو بتایا”یہ محکمہ کی جانب سے مربوط کارروائی کا حصہ ہے ۔ اس میں بہت سے ادارے ، افراد اور فرمیں شامل ہیں۔ ہم ضبط شدہ دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد ہی گھپلے یا بلیک منی کے حجم کے بارے میں جان سکیں گے ۔“