چلئے صاحب آج ایک بار پھر ہم خان صاحب… پاکستان کے سابق وزیر اعظم‘ عمران خان صاحب کی با ت کرتے ہیں… وزارت اعظمیٰ کی کرسی کیا چھوٹ گئی کہ ان جناب کو عدالتوں کے چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں… اور بار بار کاٹنے پڑ رہے ہیں ۔ایسا نہیں ہے کہ شریف فیملی نے انتقامی کارروائی کے طور پر عدالتوں کو ان کے پیچھے لگایا ہے… ایسا نہیں ہے… بلکہ خان صاحب نے خود ہی اپنے پیچھے عدالتیں لگائی ہیں … اور لئے لگائی ہیں کہ ان جناب کی جو یہ زبان ہے …پھسلتی رہتی ہے … اس میں بہت زیادہ پھسلن ہے… اتنی تو کشمیر میں چلہ کلان میں برف پر پھسلن نہیں ہو تی ہے جتنی ان کی زبان کی پھسلن ہے… خان صاحب کی زبان کی اس پھسلن کی ہی وجہ سے انہیں توہین عدالت کیسوں میں عدالتوں کے چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں اور… اور بار با ر کاٹنے پڑ رہے ہیں… ایسے ہی ایک کیس میں خان صاحب نے عدالت میں جو جواب دائر کیا ہے اس میں ان جناب نے قسمیں کھائی ہیں کہ وہ عدالتوں کا زبر دست احترام کرتے ہیں… اور جب بات کسی خاتون جج کی ہو تو… تو یہ لازماً احترام کرتے ہیں … ہاں زبان پھسل جانے کی وجہ سے کچھ ایسے ویسے الفاظ زبان سے ادا ہو گئے ہیں …جو ادا نہیں ہونے چاہئیں تھے اور…اوراس کیلئے خان صاحب نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کیا ہے کہ یہ الفاظ غیر ارادی طور پر ادا ہو ئے۔اور یہیں پر خان صاحب کا جھوٹ پکڑا جاتا ہے اور… اور اس لئے پکڑا جاتا ہے کہ بات ان کے ارادے کی ہے اور نہ زبان کی پھسلن کی… اگر بات ہے تو عادت کی ہے‘ بری عادت کی ہے کہ … کہ خان صاحب میں اگر کوئی برائی ‘کوئی خامی‘ کوئی کمی ہے تو… تو وہ ہے ان کی زبان … بد زبان۔اللہ میاں نے انہیں سب کچھ دیا ہے‘ لیکن بات کرنے کا سلیقہ اور طریقہ نہیں ہے… اور بالکل بھی نہیں دیا ہے ۔ان کے منہ سے اپنے مخالفین ‘اپنے حریفوں کیخلاف ایسے ایسے الفاظ نکلتے رہتے ہیں کہ … کہ کوئی بھی حیران ہو کر رہ جاتا ہے اور… اور یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتاہے کہ… کہ کیا یہ عمران خان ہے جس کی زبان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کی بات کرتے کرتے تھک نہیں جاتی تھی ۔خان صاحب !آپ سیاست میں ہیں ‘ آپ سیاستدان ہیں اور سیاستدان کے دوست بھی ہوتے ہیں اور… اور دشمن بھی ۔ آپ کے بھی دوست ہیں اور دشمن بھی … آپ کے دوستوں کا تو پتا نہیں ‘ لیکن آپ کے دشمن کے بارے میں ہم جانتے ہیں… جانتے ہیں کہ آپ کا دشمن کون ہے ۔ خان صاحب !آپ کا دشمن… سب سے بڑا دشمن آپ کی یہ زبان … بد زبان ہے اور کوئی نہیں… بالکل بھی نہیں ۔ ہے نا؟