سرینگر/۶ستمبر
اننت ناگ کے پوش کریری گاوں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں حزب سے وابستہ دو مقامی جنگجو مارے گئے ۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اے ڈی جی پی) کشمیر رینج‘ وجے کمار نے بتایا کہ جاں بحق ملی ٹینٹ عام شہریوں کی ہلاکتوں میں براہ راست ملوث تھے ۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ‘وجے کمار نے بتایا کہ مصدقہ اطلا ع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے منگل کے روز پوش کریری اننت ناگ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
کمار نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے ۔
اے ڈی جی پی نے بتایا کہ جاں بحق ملی ٹینٹ حزب سے وابستہ ہے اور اُن کی شناخت دانش بٹ عرف کوکاب دری اور بشارت نبی کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ملی ٹینٹوں نے ہی 9 اپریل 2021 کو ٹریٹوریل آرمی اہلکار سلیم کا قتل کیا جبکہ 29 مئی 2021 کے روز جبلی پورہ بجبہاڑہ میں دو عام شہریوں کی ہلاکت میں بھی ان ہی کا ہاتھ رہا ہے ۔
اُن کے مطابق جاں بحق جنگجو سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھے جبکہ سیکورٹی فورسز کو اُن کی کافی عرصے سے تلاش تھی۔
اس سے پہلے پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ جنوبی ضلع اننت ناگ کے پوش کریری گاوں میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لے کارروائی شروع کی۔
ترجمان نے بتایا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو مقامی جنگجو مارے گئے جن کی شناخت دانش بٹ اور بشارت نبی کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قا بل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔