سرینگر//
پولیس کا کہنا ہے کہ آج صبح جس نوجوان کی لاش جنوبی کشمیر کے پلوامہ کے ایک باغ میں ملی تھی‘وہ ایک سرگرم دہشت گرد کا بھائی تھا جسے دہشت گرد گروپوں کے درمیان گروہی دشمنی کی وجہ سے مارا گیا ۔
اس سلسلہ میں آج شام جاری ایک بیان میں پولیس کاکہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ اتوار کی شام کو مشتبہ ملی ٹینٹوں نے۳۰سالہ نوجوان کا اغوا کرنے کے بعد اُس کو قتل کیا ۔انہوں مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ قتل کے پیچھے گروہی دشمنی کار فرما ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پیر کی صبح پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ نار پورہ شوپیاں کے باغ میں۳۰سالہ نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش پڑی ہوئی ہے ۔
اُن کے مطابق پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر اُس کی شناخت منظور احمد ننگرو ولد غلام احمد ننگرو ساکن ہانجن بالا راجپورہ کے بطور ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ اتوار کی شام منظور احمد جو کہ پیشے کے لحاظ سے آشپاز ہے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ چراری پورہ بڈگام میں شادی کی تقریب ختم ہونے کے آٹو کے ذریعے گھر کی طرف واپس لوٹ رہے تھے کہ راستے میں انہوں نے ایک بیکری فروش کو بھی ساتھ لیا ۔
ترجمان کے مطابق اگلر کے نزدیک تاک میں بیٹھے ملی ٹینٹوں نے آٹو کو روک کر اُس میں سوار چار افراد کا بندوق کی نوک پر زبردستی اغوا کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ دو کلومیٹر کی مسافت طے کرنے کے بعد ایک معمر شخص کو چھوڑا گیا جس کے بعد کیلر کے مقام پر مزید دو افراد کو بھی جانے دیا گیا۔
پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ اغوا کار ملی ٹینٹوں نے منظور احمد کو اپنے ساتھ لیا اور پیر کی صبح اُس کی لاش نار پورہ شوپیاں میں برآمد کی گئی۔
دوران تفتیش مزید انکشاف ہوا کہ نوجوان کا قتل ملی ٹینٹوں نے کیا اور اس کی وجہ گروہی دشمنی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مارے گئے نوجوان کا ایک بھائی عاشق ننگرو پاکستان میں موجود ہے اور وہ جیش کا سرگرم ملی ٹینٹ ہے ۔
منظور کا دوسرا بھائی عباس ننگرو سال۲۰۱۴میں تصادم کے دوران مارا گیا جبکہ تیسرا بھائی ریاض ننگرو جموں دہشت گرد کیس کے سلسلے میں جیل میں مقید ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاض ننگرو نے جموں سے ملی ٹینٹوں کو کشمیر پہنچانے کی منصوبہ بندی کی اور اُس کی ایک ٹرک کو ججر کوٹلی جموں میں سیکورٹی فورسز نے روکا جس میں سوار تین ملی ٹینٹوں کوتصادم کے دوران مار گرایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی پیشہ وارانہ طریقے سے تحقیقات جاری ہے اور بہت جلد قتل کے اس واقعے میں ملوث ملی ٹینٹوں کی شناخت کرکے اُنہیں انجام تک پہنچایا جائے گا۔