جموں//
جموںکشمیر کے راجوری اور پونچھ اضلاع میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے کئی علاقوں میں جنگجو مخالف آپریشن بھی شروع کیا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ حساس تنصیبات کے اردگرد سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کے راجوری اور پونچھ اضلاع میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ دونوں اضلاع میں ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کی خاطر ٹیکنیکی صلاحیتوں اور ہیومن انٹیلی جنس کو بروئے کار لایا جارہا ہے ۔
آفیسر نے بتایا کہ سرگرم ملی ٹینٹوں کو بہت جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔
اگست۱۴کی تاریخ کو راجوری کے پہاڑی علاقے میں مختصر تصادم کے بعد ملی ٹینٹ وہاں سے فرا رہونے میں کامیاب ہوئے تھے جن کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ جنگجوؤں کے امکانی حملوں کو ٹالنے کی خاطر راجوری اور پونچھ اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا جبکہ حساس علاقوں میں تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا گیا ۔
پولیس آفیسر کے مطابق راجوری اور پونچھ میں قائم فوجی کیمپوں کے اردگرد بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔
پولیس آفیسر نے عوام الناس سے اپیل کی کہ اگر اُنہیں مشکوک افراد کے بارے میں کوئی جانکاری فراہم ہو تو فوری طورپر اس ضمن میں نزدیکی پولیس کے ساتھ رابط قائم کریں۔
دریں اثنا بی ایس یف ذرائع کے مطابق سرحد پر مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر گزر رکھی جارہی ہے اور ملک دشمن عناصر کی طرف سے کسی بھی ناموافق کوشش کو ناکام بنانے کے لئے فوجی، سی آر پی ایف اور پولیس کے ساتھ مشترکہ گشت بھی جاری ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں میں بین الاقوامی سرحد پر تعینات بی ایس ایف اہلکار سرحد پار سے جنگجووں کی طرف سے کی جانے والی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا رہے ہیں اور اس دوران حالیہ ایام کے دوران اسلحہ وگولہ بارود کے علاوہ منشیات کی بڑی کھپ بھی ضبط کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امکانی دراندازی کے واقعات کو روکنے کی خاطر ایل او سی پر فوج کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے جبکہ رات کے دوران دکھائی دینے والے آلات کے ذریعے بھی مشکوک افراد پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔