سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جموں سمارٹ سٹی کے ۱۱۳ کروڑ روپے کے ۱۴پروجیکٹوں کااِفتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کو لوگوں کے نام وقف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ معیارِ زندگی ، بہتر عوامی خدمات ، مقامی اِقتصادی ترقی کے مواقع اور ہر کسی کے لئے آسان رَسائی کو بہتر بنائیں گے ۔
سنہا نے کہا کہ سمارٹ شہروں کے عالمی ڈھانچے میں گذشتہ دو تین برسوں میں ایک مثالی تبدیلی آئی ہے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو دیر پا بنانے کے لئے ماحولیاتی شہروں کا تصور کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں سمارٹ سٹی پروجیکٹوں نے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سبز جگہ فراہم کرنے کو یقینی بنایا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارا مقصد جموں کو دیرپا اِقتصادی سرگرمیوں کے لئے ایک ماحولیاتی شہر میں تبدیل کرنا اور ماحولیاتی اثاثوں کی حفاظت کرنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ماحولیات سے فائدہ اٹھانے، شہریوں کی فلاح و بہبود اور وسائل کی استعداد کار میں اِضافہ کرنے کے لئے چھ منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔
سنہا نے کہا کہ جموںکشمیر یوٹی کے شہروں اور قصبوں کو مضبوط سماجی بنیادی ڈھانچہ مسابقتی اور متحرک بنانے کے لئے کثیر شراکت داروں کی شراکت اور لوگوں کی شرکت پر بھی اثر ڈالاہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ سمارٹ سٹیزن کے بغیر سمارٹ سٹی کا تصور بے معنی ہے۔ سمارٹ سٹی کی ترقی سے لے کر اس کے نظام اوربنیادی ڈھانچے کو برقرار رکھنے تک ہر سطح پر ہر شہری کی شرکت بہت ضروری ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ کمیونٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ سہولیات کا تحفظ کرے۔
سنہا نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ایک مقررہ وقت کے اندر پروجیکٹوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور عوامی خدمات اور شہری بنیادی ڈھانچے کو تمام شہریوں کی یکساں شراکت کے ساتھ مؤثر بنانے، ٹیکنالوجی کے اِستعمال سے شہروں کو سمارٹ بنانے، تیز رفتار سماجی و اقتصادی ترقی اور زندگی کے بہتر معیار کو آسان بنانے کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے حقیقت پسندانہ نقطہ نظر اَپنانے پر زور دیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے آج اِفتتاح کئے گئے سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کی اہمیت کو اُجاگر تے ہوئے کہا کہ مبارک منڈی کی فیکیڈلائٹنگ ، ڈوگرہ خاندان کی اَنمول ورثہ ، ثقافتی عمارت میں جمالیات کا اِضافہ کرے گی اور سیاحوں کی زیادہ آمد کو راغب کر کے مقامی معیشت کو فروغ دے گی۔
سنہا نے مزید کہا کہ جموں میونسپل کارپوریشن کو آمدنی پیدا کرنے کے علاوہ۱۱۰ مقامات پر۱۰نئے ڈیجیٹل پینل اور اِشتہاری پینل مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مبارک منڈی سے رگھو ناتھ بازار تک سٹریٹ ڈیولپمنٹ کا منصوبہ شہریوں کو سمارٹ اَربن موبائلٹی کا ایک نیا تجربہ فراہم کرے گا جبکہ پرانے بازار اور تقریباً ساڑھے پانچ کلو میٹر سڑک ملحقہ شہر کے علاقے کی ثقافتی اثاثے کو محفوظ رکھے گا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جون ۲۰۲۳ ء میں پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد رگھوناتھ بازار، جین بازار، کنک منڈی، موتی بازار ایک سمارٹ تجارتی مرکز کے طور پر ابھریں گے اور موجودہ کاروباروں کو اِقتصادی ترقی کے نئے مواقع بھی فراہم کریں گے۔
سنہا نے کہا کہ کنال روڈ سے تالاب تلو چوک تک ۲۰کروڑ روپے کی لاگت سے ایک اورسٹریٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کو شہری ڈیزائن کے عمل ، شہر اِنتظام ، موبائلٹی اور مقامی اِقتصادی ترقی کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک مربوط نقطہ نظر کے ساتھ مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی کامیابیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں حکومت کی طرف سے سے گذشتہ دو برسوں میں بڑی ریونیو اِصلاحات متعارف کی گئیں۔’ آپ کی زمین آپ کی نگرانی ‘ جیسے اقدامات اور۱۵۵۳ پٹوار خانوں کو اِدارہ جاتی بنانے عام شہریوں کو بااِختیار بنایا ہے ۔ ڈیجیٹائزیشن اور لینڈ پاس بُک سے زمینی تنازعات کافی حد تک کم ہوں گے اور فراڈ لین دین کو روکنا آسان ہو جائے گا۔
سنہا نے مزید کہا کہ آج جو زمین کی پاس بُک تقسیم کی گئی ہیں وہ دُرست دستاویزات ہیں اور اِس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے زمین کے مالکان کو دی گئی پاس بُک میں ایک منفرد نمبر اور کیو آر کوڈ کا اِنتظام کیا گیا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر سے اِفتتاح کئے گئے پروجیکٹوں میں ۳۲ء۳ کروڑ روپے کی لاگت سے فیکیڈ لائٹنگ ایلومنیشن مبارک منڈی ہیر ٹیج کمپلیکس ، جموں شہر میں متعدد مقامات پر ڈیجیٹل ایڈ پینلز جس کی لاگت ۴۸ء۳ کروڑ روپے ہے اور جموں شہر کے متعدد مقامات پر ۹۵ء۴ کروڑ روپے کی لاگت سے سٹیٹک ایڈ پینلزشامل ہیں۔
جن پروجیکٹوں کے لئے آج سنگ بنیاد رکھا گیا ان میں مبارک منڈی سے رگھو ناتھ بازار تک پکے ڈنگہ ، موتی بازار وغیرہ (۵۰ء۵ کلومیٹر طویل ہیر ٹیج ٹریل) ۱۸ء۱۶کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل سٹریٹ ڈیولپمنٹ ، مکمل سٹریٹ ڈیولپمنٹ کنال روڈ ۔ تالاب تلو جس کی لاگت۲۱ء۲۰ کروڑ روپے ہے ، رنبیر کنال کے لئے بلیو گرین پروجیکٹ ، بی ایس ایف پالورا سے پون آئس کریم ( مرحلہ اوّل اور مرحلہ دوم ) تک۱۷ء۲۰کروڑ روپے کی لاگت اور توی کنال زون (۱)کے لئے گورکھا نگر سے ریلو ے سٹیشن تک۸۳ء۱۷ کروڑ روپے کی لاگت سے بلیو گرین پروجیکٹ شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہا نے پارک کی ترقی اور۱۱ء۱کروڑ روپے کی لاگت سے پریم نگر میں وومن ووکیشنل سینٹر کی تزئین و آرائش کا بھی سنگ بنیاد رکھا ۔ چنی ہمت میں ۸۶ء۳کروڑ روپے کی لاگت سے اِنڈور جِم او رپاک کی ترقی ، مبارک منڈی میں۲۸ء۳ کروڑ روپے کی لاگت سے لائبریری کم کیفے ٹیریا ‘۳۵ء۳ کرو ڑروپے کی لاگت سے سدھر اپُل کی لائٹنگ ، عمودی باغ مرحلہ دوم کی لاگت سے ۰۹ء۱ کروڑ روپے ، جموں میں زمین کی تزئین و آرائش اور گرین سپیس کی ترقی پر ۶۲ء۲کروڑ روپے اور کالا مرکز میں آر کائیوز ریپوز ٹری پروجیکٹ پر ۵۰ء۷ کروڑ روپے لاگت آئے گی۔