سری نگر//
جموںکشمیر اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی )نے ٹیکنیکل اسسٹنٹ بلاک لنگیٹ ہندواڑہ کو۳۰ ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔
اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورو کو تحریری طورپر شکایت موصول ہوئی کہ ٹیکنیکل اسسٹنٹ بلاک لنگیٹ ہندواڑہ ‘اشفاق رزاق شیخ کام نپٹانے کی خاطر پچاس ہزار روپے رشوت کا تقاضہ کر رہا ہے۔
شکایت کنندہ نے اے سی بی کو بتایاکہ واٹر سٹوریج کی تعمیر کے لئے باضابط الاٹمنٹ حاصل کی اور کام کو صحیح طریقے سے مکمل کیا۔انہوں نے بتایا کہ کام کا ج کا جائزہ لینے اور بل تیار کرنے کی خاطر بلاک لنگیٹ ہندواڑہ میں تعینات ٹیکنیکل اسسٹنٹ اشفاق رزاق شیخ ولد عبدالرزاق شیخ ساکن ولگام ہندواڑہ سے رجوع کیا تاہم مذکورہ آفیسر نے بل کو تیار کرنے کی خاطر ۵۰ ہزار روپے رشوت طلب کی۔
شکایت کنندہ نے اے سی بی کو بتایا کہ مذکورہ آفیسر کے خلاف انسداد بد عنوانی ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اے سی بی ترجمان نے بتایا کہ تحریری شکایت کی جانچ کے بعد یہ پایا گیا کہ واقعی میں ٹیکنیکل اسسٹنٹ بل کی تیاری کیلئے پچاس ہزار روپے رشوت مانگ رہا ہے جس کے بعد اے سی بی نے آفیسر موصوف کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر ۲۶کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
ترجمان کے مطابق ڈی ایس پی رینک آفیسر کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے ایک جال بچھایا جس دوران ایک ہوٹل میں ٹیکنیکل اسسٹنٹ کو شکایت کنندہ سے۳۰ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔
ترجمان نے کہاکہ رشوت خور آفیسر کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی اور اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے۔