سرینگر//
کولگام کے ایک ۲۲سالہ نوجوان کی سعودی عرب میں دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔اس کے رشتہ داروں نے حکام سے اسکی لاش کوواپس لانے میں مدد کی اپیل کی ہے۔
اس کی شناخت محمد عثمان شاہ ساکنہ گندی پورہ کولگام کے طور پر ہوئی ہے جس کی منگل اور بدھ کی درمیانی شب سعودی عرب میں دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔
رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ شاہ سعودی عرب میں ایک کمپنی میں ویٹر کے طور پر کام کرتا تھا۔
اس دوران اہل خانہ نے بتایا کہ انہیں اپنے دوست کے ذریعے معلوم ہوا کہ عثمان کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’اس کا تعلق ایک انتہائی غریب گھرانے سے ہے اور وہ کمانے کے لیے سعودی عرب گیا تھا لیکن بدقسمتی سے اس کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی اور اب اس نے اپنے پیچھے ایک ذہنی معذور بھائی، چھ بہنیں اور والدین چھوڑے ہیں‘۔
لواحقین نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ان کے بیٹے کی لاش واپس لانے میں ان کی مدد کریں۔
دریں اثنا، ڈپٹی کمشنر کولگام نے ایک ٹویٹ میں مطلع کیا کہ وہ ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے اور کولگام میں اہل خانہ کے ساتھ میت کو واپس کولگام میں سہولت فراہم کرنے کیلئے رابطے میں ہیں۔