کلکتہ//
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاستی وزیر سری کانت مہتو کو پارٹی کے اسٹار ممبران پارلیمنٹ اور کابینہ کے ممبران پر متنازع تبصرے کرنے کی وجہ سے سخت تنبیہ کی ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں ریاستی وزیر برائے صارفین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ بھی بولنے سے پہلے غور کریں کہ کیا بول رہے ہیں۔کچھ دن پہلے سری کانت کی تقریر کا ویڈیو وائرل ہوا تھا۔ جس میں انہوں نے ترنمول کانگریس کے اسٹار ممبر پارلیمنٹ میمی چکرورتی نصرت جہاں اور جون مالیا کی پارٹی کیلئے خدمات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ پارٹی کیلئے بوجھ ہوتے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں سری کانت کو یہ کہتے ہوئے سنا جا رہا ہے کہ میں نے ممتا بنرجی، ابھیشیک بنرجی، سبرتو بخشی سے کہی مرتبہ کہا ہے کہ پارٹی کے اسٹار لیڈران پارٹی کو لوٹ رہے ہیں۔ پارٹی ان کی بات سن رہی ہے ۔ اچھے لوگوں کی بات نہیں سنتی جو پارٹی کا اثاثہ ہیں۔
سری کانت کو اس تبصرے کے بعد ہی ترنمول کانگریس نے سخت نوٹس دیدیا تھا۔اس کے بعد ریاستی حکومت نے سری کانت کی سیکورٹی کم کردی۔ذرائع کے مطابق اس دن کابینہ کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے سری کانت کو ڈانٹتے ہوئے کہاکہ انہوں نے غیر ذمہ دارانہ تبصرہ کیا۔ اس سے کابینہ کی شبیہ خراب ہو رہی ہے ۔ بزرگوں کا احترام کریں۔ جن کی بات ہو رہی ہے وہ آپ سے بڑے ہیں بڑوں کا احترام کریں۔
پارتھا چٹرجی کو ایس ایس سی کرپشن کے الزام میں پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں۔ جس کی وجہ سے انہیں وزیر اعلیٰ نے کابینہ سے ہٹا دیا تھا۔ حکمراں جماعت کے ہیوی ویٹ لیڈر انوبرتا مونڈل کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ ریاست کے کئی وزراء کی جائیداد میں اضافے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ۔ اس صورتحال میں ترنمول بدعنوانی کے معاملے پر کافی دباؤ میں ہے ۔یواین آئی۔نور