لکھنؤ//
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کو مرکز کی سابقہ کانگریس حکومت پر بدعنوانی کیلئے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی حکمرانی گھوٹالوں کی یاد دلاتی ہے۔
راج ناتھ نے یہاں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا’’ جب کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دور میں، مرکز کی طرف سے دیے گئے فنڈز میں سے ایک پیسے کا بھی خرد و برد نہیں ہوتا ہے‘‘۔
وزیر دفاع نے بدعنوانی کے خاتمے کا سہرا وزیر اعظم مودی کو دیتے ہوئے کہا’’جب بھی ہم ۲جی‘۳جی اور؍۴جی کے بارے میں سوچتے ہیں، ہمیں کانگریس حکومت کے گھوٹالے یاد آتے ہیں‘‘۔
سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کا ذکر کرتے ہوئے راج ناتھ نے کہا کہ وہ ان پر تنقید نہیں کرنا چاہتے لیکن انہوںنے ایک بار کہا تھا کہ حکومت کی طرف سے بھیجے گئے ۱۰۰ پیسے میں سے صرف ۱۵ پیسے ہی لوگوں تک پہنچتے ہیں۔انہوں نے کہا’’اب، ہم کہہ سکتے ہیں کہ اگر سماج کے آخری فرد کے لیے دہلی سے۱۰۰ پیسے بھیجے جائیں، تو ایک پیسہ بھی بدعنوانی کا شکار نہیں ہوگا‘‘۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جب تک مودی جی ہمارے وزیر اعظم ہیں، کوئی بھی اس کام میں ملوث ہونے کی کوشش نہیں کر سکتا۔ انہوںنے کہا کہ ’’یہ جادو وزیر اعظم نے کیا ہے، جو نظام میں تبدیلی لائے ہیں‘‘۔
راج ناتھ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پی ایم مودی کی قیادت میں عالمی سطح پر ہندوستان کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر دفا ع نے کہا’’مجھے کئی بار سب سے ترقی یافتہ ملک امریکہ جانے کا موقع ملا۔ ان سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق، میرا سینہ (فخر سے) پھول جاتا ہے کہ ہندوستان کا تصور بدل گیا ہے۔‘‘
راج ناتھ کا کہنا تھا’’پہلے، جب ہندوستان بین الاقوامی پلیٹ فارم پر بات کرتا تھا، ہندوستان کے نقطہ نظر کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا۔ ایک تاثر تھا کہ ہندوستان آبادی کے نقطہ نظر سے ایک بڑا ملک ہے لیکن معیشت کے نقطہ نظر سے کمزور ہے۔لیکن آج یہ تاثر بالکل بدل گیا ہے۔ جب ہندوستان بین الاقوامی پلیٹ فارم پر بات کرتا ہے تو لوگ اسے توجہ سے سنتے ہیں‘‘۔
وزیر دفاع نے کہا کہ جب کہ دوسرے ممالک کووڈ۱۹ وبائی امراض کے منفی اثرات سے باہر نہیں آ سکے، ہندوستان نے نہ صرف اس بحران پر قابو پایا بلکہ سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت کے طور پر ابھرا۔
راج ناتھ نے کہا کہ ۳۰۰ دفاعی آلات ہیں، جو اب بھارت میں بنائے جائیں گے۔ان کاکہنا تھا’’ہندوستان اب کمزور ہندوستان نہیں رہا، اور یہ ایک مضبوط ہندوستان بن گیا ہے۔ میں آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ جب پاکستان سے کچھ دہشت گردوں نے ہماری افواج پر حملہ کیا تھا تو ہمارے وزیر اعظم نے مضبوط قوت ارادی کا مظاہرہ کیا تھا اور ہندوستان نے پاکستانی سرزمین پر سرجیکل اسٹرائیک اور فضائی حملے کیے تھے‘‘۔
روس،یوکرین تنازعہ کا حوالہ دیتے ہوئے راج ناتھ نے کہا کہ ہماری حکومت وہ ہے جو نہ صرف ہندوستان میں رہنے والوں کے بارے میں سوچتی ہے بلکہ دوسرے ممالک میں رہنے والے اپنے شہریوں کے بارے میں بھی سوچتی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ جب تنازع شروع ہوا تو تقریباً ۱۳ہزار طلباء یوکرین میں پھنسے ہوئے تھے لیکن پی ایم مودی نے دونوں متحارب ممالک کے صدور سے بات کی اور طلباء کو ہندوستان واپس لایا۔