سرینگر//
سینئر صحافی اورروزنامہ ایشین میل کے مدیراعلیٰ‘رشید راہل کی تازہ تصنیف ’’ جہلم کے آنسوں‘‘ کی آج ایک ادبی تقریب کے دوران رسم رونمائی ہو ئی ۔
تقریب میںکشمیری شاعرہ ‘فاروقہ پروین کے شاعری مجموعے ’’آش پرگاش‘‘ کی رسم رونمائی انجام دی گئی ۔
اس ادبی تقریب کی صدارت معروف برارڈ کاسٹرعبدالاحدفرہاد نے کی جبکہ صحافی وشاعر امداد ساقی مہمان خصوصی اور پرنسپل اقراء ہائیراسکینڈری اسکول ناگہ بل گاندربل مولوی محمدرمضان مہمان ذی وقار کی حیثیت سے تقریب پر موجود تھے ۔
افسانہ نگار شکیل الرحمان،ثناء اللہ یوسف زئی اور انڈیا ٹوڈے کے ایڈیٹر برائے کشمیراشرف وانی بھی ایوان صدارت میں موجود رہے ۔
تقریب کے دوران مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل کو ادب ، میراث اور کشمیر کی تہذیب و تمدن اور ثقافت سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ کشمیر ی ادب کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ طور ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت ہے ۔
رشید راہل نے اپنے خطاب میں کہاکہ ادارہ ایشین میل کشمیری ادب کو فروغ دینے کیلئے کافی کوشاں ہے اور اس سلسلے میں اس طرح کے پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔
تقریب کے دوران ’’ جہلم کے آنسوں ‘‘کتاب پر قلمکار حمید ناصر نے اپنا مفصل تبصرہ پیش کیا۔ اس تقریب میں مہمانان کے علاوہ کئی ذی وقار شخصیات اور بچوں کو عزازات سے نوازا گیا ۔