سرینگر/ نئی دہلی //
مرکزی وزارتِ دیہی ترقی نے آج پردھان منتری گرام سڑک یوجنا ( پی ایم جی ایس وائی ) مرحلہ سوم کو۱۲۷۶ کلو میٹر کے لئے منظور کیا جس کی لاگت ۱۳۵۷ کروڑ روپے ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر دیہی ترقی گری راج سنگھ کا شکریہ اَدا کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے پی ایم جی ایس وائی مرحلہ سوم کی منظوری کو جموں وکشمیر کے دیہی رابطوں میں ایک اور سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید دیہی بنیادی ڈھانچہ ، بہتر رابطے دیہی معیشت اور زندگی میں آسانی کو بہتر بنائے گی۔
سنہا نے مزید کہا کہ یہ دیرپا اور جامع ترقی کے لئے غیر مربوط رہائش گاہوں کو ہمہ موسمی سڑک رابطہ فراہم کرے گا۔
یہ بات قابل ذِکر ہے کہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا ( پی ایم جی ایس وائی ) کے تحت جموںوکشمیر ملک میں بہترین کارکردگی دِکھا نے والی رِیاستوں او ریوٹیز میں شامل ہے۔
ہر گائوں میں سیفٹی ، کنکٹویٹی او رموبائلٹی کو یقینی بنانے کے مشن سے ۲۰۷۱ بستیوں کو جوڑنے والے ۱۷ہزار۳۳۶ کلومیٹر پر محیط۲ہزار۳۵۳ پی ایم جی ایس وائی پروجیکٹوں پہلے مکمل ہوچکے ہیں ۔
سال۲۲۔۲۰۲۱ء میں۳ہزار۲۸۴ کلومیٹر پی ایم جی ایس وائی سڑکیں تعمیر کی گئیں۔ اِس کے علاوہ۷ہزار۳۰۱ کلو میٹر کو بلیک ٹاپ کیا گیا ۔ مزید برآں پردھان منتری سڑک یوجنا ( پی ایم جی ایس وائی ) کے تحت دُور دراز علاقوں تک رابطہ فراہم کرنے کیلئے ۱۲۵پُل بنائے جانے ہیں۔