نئی دہلی/24 اگست
کانگریس کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ 28 اگست کو ہوگی، جس میں پارٹی صدر کے انتخابی پروگرام کے بارے میں بات چیت کی جائے گی۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے بدھ کو ٹویٹ کیا کہ میٹنگ اتوار 28 اگست کو سہ پہر 3.30 بجے بلائی گئی ہے ۔ اس میٹنگ میں کانگریس صدر کے انتخاب کا پروگرام طے کیا جائے گا۔
پارٹی صدر سونیا گاندھی اجلاس کی صدارت کریں گی۔ اس کے بعد محترمہ گاندھی اپنے بیٹے راہل گاندھی اور بیٹی پرینکا گاندھی واڈرا کے ساتھ علاج کے لیے بیرون ملک جائیں گی اور اٹلی میں اپنی بیمار ماں کی عیادت کے بعد واپس آئیں گی۔
غورطلب ہے کہ پارٹی کے نئے صدر کا انتخاب 21 اگست سے 20 ستمبر کے درمیان کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس عہدے کے لیے کون کون امیدوار ہوں گے اس کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔