سرینگر// (ویب ڈیسک)
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ انتظامیہ جموں و کشمیر کے سب انسپکٹر کے عہدوں کا دوبارہ امتحان رواں برس کے اکتوبر میں منعقد کرنے جا رہا ہے۔
سنہا نے ان باتوں کا اظہار بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔
ایل جی نے کہا کہ کامیاب امیدواروں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور وہ دوبارہ اس امتحان کو کوالیفائی کریں گے۔
سنہا نے کہا کہ امتحان کے نتائج میں دھاندلیوں کے بعد اس امتحان کو منسوخ کر دیا گیا اور اس کیس کو سی بی آئی کو سونپ دیا گیا۔ تحقیقات کے بعد کچھ حقائق سامنے آئے ہیں، جس کی وجہ سے اس امتحان کو منسوخ کرنا پڑا۔
بتادیں کہ سی بی آئی نے اس کیس کے سلسلے میں گزشتہ ماہ جموں و کشمیر میں دو درجن سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے تھے۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ۸جون کو پولیس سب انسپکٹر بھرتی عمل میں بے ضابطگیوں کے الزامات کے بعد بھرتی کے پورے عمل کو منسوخ کر دیا اور اس معاملے کو سنٹرل بیریو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو مکمل تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
احتجاج اور تنقید کے بعد ایل جی انتظامیہ نے چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا کی سربراہی میں جانچ کمیٹی تشکیل دی تھی اور اس کمیٹی نے نتائج میں بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان بے ضابطگیوں میں ایس ایس بی کے چند ممبران کے ملوث ہونے کا عندیہ ملا ہے اور سی بی آئی جانچ کے بعد اس کا مکمل پردہ فاش ہو سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سروس سلیکشن بورڈ نے پولیس سب انسپکٹرز کی اسامیوں کے تحریری امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا ہے اور۷۲۰۰؍ امیدواروں کو فزیکل ٹسٹ کیلئے کامیاب قرار دیا ہے لیکن بعد میں بہت سے امیدواروں اور سماجی کارکنان نے نتائج پر سوال اٹھائے ہیں اور اس کی سی بی آئی سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
امیدواروں اور کارکنان کا الزام ہے کہ ان نتائج میں دھاندلی ہوئی ہے اور امتحانات کے پرچے لیک ہوئے ہیں۔