سرینگر//
جموںکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے بدھ کے روز کہاکہ شوپیاں میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت میں ملوث دو ملی ٹینٹوں کی شناخت ہو چکی ہے اور بہت جلد اُنہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
دلباغ نے کہاکہ امن و امان میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان باتوں کا اظہار ڈی جی پی نے سرینگر میں تعزیتی گلباری کی تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
دلباغ نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے زمینی سطح پر مثبت تبدیلیوں کی حمایت کی ہے جو امن دشمن عناصر کو ناگوار گزری لہذا وہ حالات کو خراب کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔اُن کے مطابق یوم آزادی کی تقریبات میں لوگوں نے جس طرح سے بڑھ ڑھ کر حصہ لیا اور اپنا تعاون فراہم کیا وہ امن مخالف عناصر کو راس نہیں آر رہا ہے ۔
پولیس سربراہ نے کہاکہ ایسے عناصر وادی کشمیر کے حالات کو بگاڑنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں لیکن ان سبھی کوششوں کو ہم نے ماضی میں بھی ناکام بنایا اور مستقبل میں بھی ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ہر صورت میں ناکام بنایا جائے گا۔
شوپیاں میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں دلباغ نے بتایا کہ حملے میں ملوث دو ملی ٹینٹوں کی شناخت ہو چکی ہے اور بہت جلد اُنہیں انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ڈی جی پی نے کہاکہ وادی کشمیر میں حالات معمول پر آرہے ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا جو تشدد کو ہواد ینے کی فراق میں ہیں۔