بڈگام//
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں اینٹ بھٹی میں کام کر رہے ایک غیر مقامی شخص ریاض احمد خان ولد راجو خان ساکنہ لکھیم پورہ، کھیری‘بہار نے شکایت درج کروائی ہے کہ اس کی نابالغ ہمشیرہ کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی ہے۔
ریاض نے ۱۳؍ اگست کو درج کی گئی شکایت میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ۱۷ سالہ بہن ۱۲؍ اگست کو سہ پہر قریب لاپتہ ہوئی اور قریب ۱۶ گھنٹہ بعد اسے بازیاب کر لیا گیا۔
شکایت کنندہ کے مطابق بازیابی کے بعد متاثرہ نے بتایا کہ انہیں ایک مقامی شخص، جس کی شناخت وہاب پورہ، بڈگام کے رہائشی لیاقت علی ڈار ولد محمد جعفر ڈار کے طور پر ہوئی ہے، نے اغوا کرکے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔
بڈگام پولیس نے اس ضمن میں فوری طور کیس درج کرکے لیاقت علی کی تلاش شروع کر دی۔
ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس افسران کو معلوم ہوا کہ ملزم فرار ہے۔ پولیس نے کئی مشتبہ مقامات پر چھاپے مارے اور سخت کوششوں کے بعد ملزم کو بڈگام کے وڈوان علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ اسے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ زیر حراست ہے۔
کمیونٹی ممبران سے ایک بار پھر درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنے پڑوس میں سماجی جرائم کو روکنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔