سرینگر//
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں پیر کی صبح سے ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس سے سرینگر کے کئی علاقوں میں سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آگئے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں موسم کی یہی صورتحال۲۰؍اگست تک جاری رہنے کی توقع ہے ۔
ادھر بارشوں کے باوجود وادی میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہوا ہے ۔
دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۲۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۳ء۲ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۱۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۷ء۰ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۱۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۲ء۴ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۳ء۲ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۱۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۷ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
دریں اثناموسلا دھار بارشوں کے بیچ ضلع انتظامیہ رام بن نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ ندی نالوں اور دریاوں کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق پیر پنچال کے آر پار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ صوبہ جموں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں پانی کی سطح کافی بڑھ گئی ہے ۔
دریں اثنا ضلع انتظامیہ رام بن نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاوں ، ندی نالوں کے کناروں پر جانے سے گریز کریں کیونکہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بھاری بارشوں کی پیشین گوئی کی گئی ہے لہذا لوگ احتیاط برتیں۔