سری نگر//
لیفٹیننٹ گورنر‘منوج سنہا کی ہدایت پر محکمہ ثقافت،جموں وکشمیر اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لنگویجز نے ۷۵ویں یوم آزادی کی تقریبات اور جاری ’ آزادی کا امرت مہااُتسو‘کے ایک حصے کے طور پر جموںوکشمیر میں گائیکی ، مضمون نویسی اور مباحثہ کے مقابلوں کا ایک سلسلہ منعقد کرنے کے لئے ہائیر اور سکولی تعلیم محکموں کے ساتھ اَپنے ڈائریکٹوریٹ سے اشتراک کیا۔
ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن او رڈائریکٹر کالجز تعاون سے سکول ، کالج ، ضلعی اور صوبائی سطح پر مقابلوں کا اِنعقاد کیا گیا ۔ ضلعی سطح کے مقابلے ہر ضلع کے کئی سرکاری سکولوں اور کالجوں میں منعقد کئے گئے اور ان مقابلوں کے جیتنے والوں نے مشترکہ طور پر صوبائی سطحوں جموں اور سری نگرمیں گرینڈ فائنل میں حصہ لیا۔
صوبائی سطح کے مقابلوں میںزائد اَز ۱۲۰طلباء نے حصہ لیا جن میں ہر ضلع سے ضلعی سطح کے مقابلے کے چھ فاتح ، سکول اور کالج کی سطح کے مقابلوں کے تین ، تین فاتح شامل تھے۔
جموں صوبہ میں جی ڈی سی کے نمو نارائن ریاسی نے مضمون نویسی کا مقابلہ جیتا جبکہ جی ڈی سی بھدروارہ کی رُخسانہ کوثر رَنر اَپ رہی۔صوبہ کشمیر میں آر پی سکول ملہ باغ سری نگر کی صالحہ حنیف فاتح رہی اور ایچ ایس ایس زینہ پورہ شوپیان کے مزمل احمد ریشی دوسرے نمبرپر آئے۔
جموںصوبے میں گائیکی کے مقابلے میں ایچ ایس ایس ڈوڈہ کے پوجن کمار کو فاتح قرار دیا گیا اور ایم اے ایم کالج جموں کے شار تک رَنر اَپ رہے ۔صوبہ کشمیر میں جی ڈی سی کیلم کولگام کے اویس اشرف نے گائیکی مقابلہ جیتا اور جی ڈی سی بارہمولہ کے محسن اشرف خان رَنر اَپ کے طور پر رہے۔
جموں صوبہ میں جی ڈی سی پونچھ کی فائزہ بشارت نے مباحثہ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور جی ایچ ایس ایس جموں کے آروش کلسوترا رَنر اَپ رہی۔ صوبہ کشمیر میں جی ڈی سی بارہمولہ کے خورشید احمد شاہ فاتح رہے اور جی ایچ ایس ایس بارہمولہ کے روحان رفیق دوسرے نمبر پر رہے ۔
جموں میں گرینڈ فائنل میں جیوری میں مضمون نویسی کے مقابلے کیلئے پروفیسر شالنی رانا، پروفیسر رینو نندا اور ڈاکٹر شہناز قادری، گائیکی مقابلے کے لئے وِجے سمبیال ، سورج سنگھ اور انوپما شرما اور مباحثہ مقابلے کے لئے ابھیمنیو دیو سنگھ بلواریہ ، پروفیسر راجندر کور اور پروفیسر دیپالی مہاجن اورکشمیر میںگائیکی کے مقابلے کے لئے وحید جیلانی ، منیر احمد میر اور امتیاز ملک اور مباحثے کے مقابلے کے لئے پروفیسر شاد رمضان ، ڈاکٹر آفاق عزیز اور ڈاکٹر غلام نبی حلیم شامل تھے۔
صوبائی سطح پر ہونے والے مقابلے گرینڈ فائنلز جے اینڈ کے اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر او رلنگویجز ، متعلقہ صوبائی کمشنروں کی مجموعی نگرانی میں منعقد کئے گئے ۔
صوبائی سطح کے مقابلوں کے جیتنے والوں کو جموں اور سرینگر میں ۷۵ویں یوم آزادی کے دِن کی متعلقہ تقریبات میں مدعو کیا جائے گا ۔ جے اینڈ کے اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لنگویجز کے ذریعہ مختص نقد انعامات ، ضلع سطحی کے مقابلوں کے لئے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں اور صوبائی سطح کے مقابلوں کے لئے متعلقہ صوبائی کمشنروں سے جیتنے والوں کو دئیے جائیں گے۔
صوبائی سطح پر چھ جیتنے والے ہر ایک کو۳۰ہزار روپے کا نقد اَنعام ملے گا اورچھ رَنر اَپ ہر ایک کو۲۰ہزار روپے کا نقد انعام ملے گا ۔اِسی طرح ہر ضلع میں چھ جیتنے والے ( تین سکولوں اور تین کالجوں سے ) ہر ایک کو۵ہزارروپے کا نقد انعام ملے گاجبکہ ہر ضلع میں چھ رَنر اَپ ہر ایک کو ۳ہزارروپے کی اَنعامی رقم ملے گی جبکہ مجموعی طو رپر فاتحین اور رَنر اَپ کو ۱۳لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔