سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر نے بھرتی کے عمل کی کارکردگی ، شفافیت اور بروقت نتیجہ اخذ کرنے کے مقصد سے ایک اہم فیصلے میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پیش کردہ تجویز جس میں لیول۶ کی مختلف اَسامیوں کو اِنٹرویو اور زبانی ٹیسٹ کے اِنعقاد کی ضرورت سے باہر رکھا جائے کو منظوری دی۔
اَب لیول۶ کی اَسامیوں کی بھرتی صرف تحریری اِمتحان کی بنیاد پر پُرکی جائے گی۔یہ فیصلہ اِس بات کو یقینی بنائے گا کہ اِنتخاب منصفانہ اور میرٹ پر مبنی ہوں اور یہ زائد اَز ایک ہزار اَسامیوں کے ایڈورٹائزمنٹ کیلئے راہ ہموار کرے گاجن میں جونیئر اِنجینئر ( سول ) کی۸۵۵؍ اَسامیاں شامل ہیں جنہیں جموںوکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے ذریعے فاسٹ ٹریک بُنیادوں پر پُر کیا جائے گا۔
مزید برآں‘ لیفٹیننٹ گورنر نے اِسی نوعیت کی اَسامیوں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی ہے جنہیں زبانی ٹیسٹ / اِنٹرویو کی ضرورت سے خارج کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے جس کیلئے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے بھی کاررِوائی شروع کی ہے۔