سرینگر/۵اگست
جنوبی ضلع کولگام کے ریڈونی گاوں میں جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے بیچ جاری تصادم میں ایک عام شہری اور فوجی زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ گاو ¿ں میں خاموشی چھائی ہوئی ہے کیونکہ ابتدائی فائرنگ کے بعد ملی ٹینٹوں کی تلاش جاری ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے ریڈونی علاقے میں جمعے کے روز سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔
ترجمان نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ریڈونی کولگام میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعے کے روز اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ۔انہوں نے کہاکہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنگجووں کی ابتدائی فائرنگ میں ایک عام شہری اور ایک آرمی جوان زخمی ہوئے جنہیں علاج و معالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ کے بعد علاقے میں خاموشی چھا گئی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین دوبارہ آمنا سامنا ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم سیکورٹی فورسز نے مزید کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستے سیل کئے ۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے