جموں/۵اگست
سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی ) نے پولیس سب انسپکٹر (ایس آئی) بھرتی میں ہوئی دھاندلیوں کی تحقیقات کا باضابط آغاز کیا اور جمعے کے روز سی بی آئی کی ٹیموں نے جموں میں کئی مقامات پر چھاپے ڈالے ۔
ذرائع نے بتایا کہ نصف درجن کے قریب مقامات پر سی بی آئی ٹیموں نے چھاپہ ماری کی جس دوران اکھنور اور کھور تحاصیل میں لوکل باڈی ممبران کے گھروں کی بھی تلاشی لی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی بی آئی کی ٹیموں نے اہم کاغذات، بینک پاس بک بھی اپنی تحویل میں لے لئے ۔
بتادیں کہ ایس آئی امتحانات کے پیپر قبل از وقت افشاں ہونے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد جموں وکشمیر انتظامیہ نے فائنانشل کمشنر کی سربراہی میں تین نفری کمیٹی تشکیل دی۔
کمیٹی نے اس بات کی تصدیق کی کہ امتحانات کے دوران دھاندلیاں ہوئیں جس کے بعد ایل جی منوج سنہا نے سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے ۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے واضح کیا کہ جس کسی نے بھی غلط کیا ہوگا اُس کو سخت سزا دی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی بھرتی اسکیم میں مبینہ طورپر ملوث افراد کے رہائشی مکانات کی تلاشی لینے کے بعد سی بی آئی کی ٹیم سروسز سلیکشن بورڈ کے بعض آفیسران سے بھی پوچھ تاچھ کر سکتی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ بعض آفیسران کو حراست میں بھی لیا جاسکتا ہے ۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک جموں کے چھ مقامات پر سی بی آئی کے چھاپے جاری تھے ۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔