نئی دہلی// پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے آغاز سے ہی اپوزیشن کے مطالبے کے مطابق کل راجیہ سبھا میں مہنگائی پر بحث ہوگی۔ آج یہ اعلان کرتے ہوئے قائد ایوان پیوش گوئل نے کہا کہ اپوزیشن کے ارکان اس پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی کررہے ہیں، لیکن اس پر کل بحث ہوگی۔
اس اعلان کے بعد بھی ایوان کے وسط میں پہنچ کر ہنگامہ کرنے والے اپوزیشن ارکان پرسکون نہیں ہوئے اور مہنگائی پر بحث کے لیے آج کی کارروائی ملتوی کرنے کے مطالبے پر ڈٹے رہے ۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان ایوان میں انڈین انٹارکٹک بل 2022 پر بحث شروع ہو گئی۔ ٹوک ٹاک کے درمیان اپوزیشن ممبر نے ایوان میں امن و امان کا سوال اٹھاتے ہوئے بولنے سے انکار کردیا تاہم حکمراں جماعت کے ارکان اور اس بل کے حامیوں نے بحث میں حصہ لیا۔