جموں/31جولائی
جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں رہائشی مکان گر جانے سے دو بچے برسر موقع ہی از جان ہوئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کٹھوعہ ضلع کے بلاور علاقے میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ایک رہائشی مکان زمین بوس ہوا۔انہوں نے بتایا کہ رہائشی مکان کے ملبے کے نیچے دو بچے زندہ دفن ہو گئے ، گر چہ دونوں کو ملبے سے باہر نکال کر ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔
معلوم ہوا ہے کہ جوں ہی کمسن بچوں کی لاشیں اُن کے آبائی گاوں پہنچائی گئیں تو وہاں کہرام مچ گیا ، خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں۔
دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کٹھوعہ کے بلاور علاقے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو ضروری امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہاکہ دو کمسن بچوں کی جانیں ضائع ہونا افسوسناک ہے اور مصیبت کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ میری گہری تعزیت ہے ۔