کٹھوعہ؍ ۳ نومبر
جموں و کشمیر کے کٹھوعہ اور رام بن اضلاع میں منگل کو پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں دو افراد کی موت ہوگئی، جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔
سرکاری عہدیداروں کے مطابق، ضلع کٹھوعہ کے بلاور علاقے کے سدروٹہ میں ایک ٹپر کے سڑک سے لڑھک جانے کے نتیجے میں ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی۔
عہدیدار نے بتایا کہ ایک ٹپر بلاور سے بنجال بٹوال کی طرف جا رہا تھا کہ کنڈ ناہالہ کے مقام پر ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور ٹپر سڑک سے لڑھک گیا۔
ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جس کی شناخت بسوہلی کے رہنے والے انکش کمار ولد سباش کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
ادھر ضلع رام بن میں منگل کی صبح چکا سربگنی بس اسٹینڈ کے نزدیک ایک ٹاٹا سومو گاڑی موڑ کاٹتے ہوئے سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ زخمیوں کو بچا لیا گیا ہے، جبکہ امدادی کارروائی جاری تھی۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )








