سرینگر//
وادی کشمیر میں بارشوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے لوگوں کو مٹی کے تودے ، سیلابی ریلے اور لینڈ سلائنڈنگ ہونے کے متعلق خبر دار کیا ہے ۔
متعلقہ محکمے کی طرف سے جاری ایک ایڈوائزری میں کہا گیا کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث سیلابی ریلے اور مٹی کے تودے گر آنے کے خطرات لاحق ہیں۔
ایڈوائزری میں لوگوں سے خبر دار رہنے کی اپیل کی گئی کیونکہ ایسے واقعات اچانک رونما ہوتے ہیں۔
محکمے کے ایک ترجمان نے مزید کہا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش سرینگر میں۹ء۴۳ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ قاضی گنڈ میں۶ء۳۰ملی میٹر گلمرگ میں۸ء۲۲ ملی میٹر، پہلگام میں۲ء۵ملی میٹر اور کپوارہ میں۴ء۰ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
دریں اثنا بارشوں کے باعث وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے ۔
دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۱۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے۴ء۲ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے۶ء۰ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۱ء۱۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے۷ء۰ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۱۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے۱ء۲ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
اس دوران وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی۲۷۰کلو میٹر طویل سرینگر، جموںشاہراہ کو رام بن کے مہاڑ اور پانتھیال علاقوں میں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے جمعرات کو ایک بار پھر ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کر دیا گیا۔
ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، لیہہ شاہراہ کو بھی جمعرات کو ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کر دیا گیا تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے ۔
ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ سرینگر ،جموں شاہراہ کو ضلع رام بن میں مہاڑ اور پانتھیال علاقوں میں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل سری نگر، جموں اور رام بن میں قائم ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ کریں۔
سرینگر، لیہہ شاہراہ کو گاندر بل کے کلن گنڈ علاقے میں تازہ مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے ۔ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لئے افردای قوت اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے ۔
تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے اور جموں،پونچھ شاہراہ پر بھی ٹریفک کی نقل و حمل کو بحال کر دیا گیا ہے ۔