سرینگر/28جولائی
جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے راوتھ پورہ کھاگ علاقے میں درمیانی شب بادل پھٹنے کے باعث تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ مکین معجزاتی طور پر بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ وسطی ضلع بڈگام کے راوتھ پورہ کھاگ علاقے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بادل پھٹنے کی وجہ سے تین مکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں مکینوں کو باہر نکالا گیا۔
مقامی سرپنچ‘ تصدق گنائی نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ راوتھ پورہ کھاگ میں درمیانی رات کو بادل پھٹنے کی وجہ سے پانی کے تیز ریلے نے تین مکانوں کو نقصان سے دوچار کیا۔انہوں نے کہاکہ عبدالرشید ڈار ولد عبدالعزیز ڈار ، عبدالغنی ڈار اور عبدالرشید راتھر کے مکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
لمبردار عبدالقیوم نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اس بارے میں ضلع انتظامیہ بڈگام اور پولیس کو بھی مطلع کیا گیا ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ متاثرین کو فوری طورپر معاوضہ فراہم کیا جانا چاہئے تاکہ وہ نقصان زدہ مکانوں کی مرمت کر سکے ۔
واضح رہے کہ بدھ کی شام کوکھارین خانصاحب میں موسم نے اچانک کروٹ لی جس دوران بادل پھٹنے کے باعث 19سالہ دوشیزہ شدید طورپر زخمی ہوئی اور بعد میں اُس کی ہسپتال میں موت واقع ہوئی۔
بتادیں کہ پیر پنچال کے آر پار تیز آندھی اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ انتظامیہ نے دریائے چناب کے اردگرد رہائش پذیر لوگوں کو فوری طورپر محفوظ مقامات کی اور منتقل ہونے کی صلاح دی ہے ۔