نئی دہلی، 11 ستمبر (یو این آئی) کانگریس نے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے اختتام میں تاخیر پر ایک بار پھر حکومت کی پالیسی پر سوالات اٹھائے ہیں اور کہا ہے کہ اسے حد بندی کی تجاویز پر بات چیت کے لیے کل جماعتی اجلاس بلانا چاہیے۔
کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعہ کے روز کہا کہ پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے اور اس کے اختتام کے درمیان کا وقفہ 29 دن ہو گیا ہے، جو 2015ء کے مانسون اجلاس کے 28 دن کے ریکارڈ کو پار کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہ وقفہ صرف تین سے چار دنوں کا ہوتا ہے۔
جے رام رمیش نے کہا کہ حکومت حد بندی کی اپنی تجاویز پر تبادلہ خیال کرنے اور وسیع اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے کل جماعتی اجلاس بلانے سے کیوں انکار کر رہی ہے، جبکہ تمام اپوزیشن جماعتیں مارچ کے وسط سے اس کا مسلسل مطالبہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حد بندی کا معاملہ انتہائی سنگین ہے اور اتنے اہم موضوع پر حکومت کی جانب سے راز داری اور پراسرار خاموشی برقرار رکھا جانا اور بھی سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔







