ایجنسیز
سرینگر؍۲۵ ؍اپریل
ہفتہ کے روز کشمیر کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی جس سے ہیٹ ویو جیسی صورتحال سے راحت ملی، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے آغاز میں ایک اور بارش کی پیش گوئی کی ہے، حکام نے بتایا۔
رات بھر وادی کشمیر کے میدانی علاقوں، بشمول گرمائی دارالحکومت سرینگر میں مسلسل بارش ہوتی رہی جو ہفتہ کی صبح دیر تک جاری رہی۔ زوجیلا پاس میں ہلکی برفباری کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔
دوپہر کے وقت موسم میں بہتری آنے کے ساتھ بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی اور گزشتہ چند دنوں سے جاری گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی۔
جمعہ کے روز سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۲۸ء۱ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا جو معمول سے چھ ڈگری سے زیادہ تھا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت بھی تقریباً پانچ ڈگری زیادہ تھا۔
عام طور پر وادی کے بیشتر مقامات پر جمعہ کو درجہ حرارت معمول سے چھ ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
تاہم ہفتہ کے روز بارش اور ابر آلود موسم کے بعد درجہ حرارت کم ہو کر۲۱ء۲ڈگری سیلسیس رہ گیا، جو گزشتہ دن کے مقابلے میں تقریباً سات ڈگری کم اور معمول سے تقریباً ایک ڈگری کم ہے، حکام نے بتایا۔وادی کے تمام موسمیاتی مراکز نے ہفتہ کے روز دن کے درجہ حرارت کو معمول سے کم ریکارڈ کیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو عمومی طور پر موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم پیر سے مختلف مقامات پر ہلکی بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
۲۹؍اور۳۰؍ اپریل کو دوپہر کے بعد چند مقامات پر ہلکی بارش اور گرج چمک کا مختصر دور متوقع ہے۔










