ایجنسیز
سرینگر؍۲۵؍اپریل
جموں کشمیر کے ضلع شوپیان میں پولیس نے ہفتہ کے روز مبینہ منشیات فروشوں کی فہرستیں اور ان کی تصاویر پولیس تھانوں اور چوکیوں پر آویزاں کر دی ہیں تاکہ عوامی بیداری میں اضافہ ہو اور منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
پولیس ترجمان کے مطابق یہ اقدام جنوبی کشمیر کے اس ضلع میں جاری نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے تحت کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایسے افراد کی تصاویر پر مشتمل گیلریاں بھی مختلف پولیس مراکز میں قائم کی گئی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد عوام میں بیداری پیدا کرنا، شفافیت کو فروغ دینا اور منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس کا واضح پیغام دینا ہے، تاکہ اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ اس سے نہ صرف کمیونٹی نگرانی کو مضبوطی ملے گی بلکہ منشیات کے نیٹ ورکس کو توڑنے کی جاری کوششوں کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔










