سرینگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک بڑے پیمانے پر برف وباراں کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۱۷فروری کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ۱۸سے۲۱فروری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے اور اس کے بعد۲۲سے۲۴فروری تک بھی موسم کی کم وبیش یہی صورتحال جاری رہ سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ۲۵؍اور۲۶فروری کو موسم جزوی سے مجموی طور پر ابر آلور رہنے کی توقع ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ۲۷؍اور۲۸فروری کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران۲۸فروری کی رات کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بعد میں یکم اور۲مارچ کو موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بھی پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں ماہ فروری کے اختتام تک مومس میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے اپنے کام جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں اگلے ایک ہفتے کے دوران درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
پہاڑی علاقوں کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے پر ہیز کریں جہاں بر فانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں۔
ادھر وادی کے بشیتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے۰سے ایک ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔










