جموں: جموں پولیس نے اے ٹی ایم چوری اور دھوکہ دہی کے ایک معاملے کو حل کرکے ملزم کو گرفتار اور متعدد چوری شدہ اے ٹی کارڈز بر آمد کئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن سٹی جموں کو۲۴جنوری کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں شکایت کنندہ پوجا دیوی ساکن منسار اودھم پور کے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے دھوکہ دہی کے ذریعے چار الگ الگ ٹرانزیکشنز میں۴۰ہزار روپیے (۱۰ہزار فی ٹرانزیکشن) نکالے جانے اور۱۴ہزار۸سو۹۰روپیوں کی شاپنگ کئے جانے کی اطلاع دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ شکایت کی بنیاد پر بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک ایف آئی درج کی گئی اور تفتیش شروع کی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران تکینکی نگرانی اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں پولیس اسٹیشن سٹی جموں کی ایک ٹیم نے کامیابی کے ساتھ ملزم کی شناخت کرکے اس کو گرفتار کیا۔
گرفتارملزم کی شناخت اعجاز احمد ملک ولد غلام احمد ملک ساکن کولگام کے طور پر کی گئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزم کی گرفتاری کے دوران اس کے قبضے سے مختلف بینکوں کے۹چوری شدہ اے ٹی ایم کارڑ‘۳ہزار روپیے نقدی رقم اور دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی رقم سے خریدے گئے کپڑے بر آمد کئے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ متعدد اے ٹی ایم کارڈز کی بر آمدگی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم منظم اے ٹی ایم فراڈ اور دھوکہ دہی کے مقدمات میں ملوث رہا ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا پتہ لگایا جاسکے اور مزید چوری شدہ سامان بر آمد کیا جا سکے ۔










