سرینگر: سرینگر کے نوشہرہ علاقے میں جمعرات کو ایک۶۵ سالہ خاتون اپنے گھر کے اندر گلا کٹا ہوا حالت میں مردہ پائی گئی۔
پولیس کے مطابق خاتون کے گھریلو ملازم پر قتل کا شبہ ہے جو واردات کے بعد فرار ہو گیا، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ خاتون کی لاش گھر کے اندر سے برآمد ہوئی، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن سورہ کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔انہوں نے کہا کہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے ایس کے آئی ایم ایس صورہ منتقل کیا گیا۔
ایک عہدیدار نے کہا’’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گھریلو ملازم، جو آسام کا رہائشی ہے، پر قتل کا شبہ ہے اور وہ موقع سے فرار ہو گیا ہے‘‘۔
متوفیہ کی شناخت ۶۵سالہ رشیدہ بیگم ، زوجہ لطیف احمد گنگو، ساکن مُڈ باغ کے طور پر کی گئی ہے۔
عہدیدار نے مزید بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے تلاشی مہم جاری ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔










