سرینگر: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو یہاں سول سیکریٹریٹ جموں میں کابینہ میٹنگ کی صدارت کی۔ یہ میٹنگ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس سے قبل منعقد کی گئی،جو۲ فروری کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے خطاب سے شروع ہوگا۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ایکس پر جاری بیان میں کہا’’وزیر اعلیٰ نے آج سول سیکریٹریٹ جموں میں کابینہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں عوامی اور انتظامی اہمیت کے کلیدی امور پر غور کیا گیا‘‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کے تمام فیصلے لیفٹیننٹ گورنر کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہوں گے۔
میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری کے علاوہ وزراء سکینہ ایتو، جاوید احمد رانا، جاوید احمد ڈار اور ستیش شرما نے شرکت کی۔ چیف سیکریٹری اٹل ڈلو بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اگرچہ میٹنگ کے حوالے سے کوئی باضابطہ تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم حکام کے مطابق بجٹ اجلاس کے آغاز پر لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب اور سالانہ بجٹ میں شامل بعض فلاحی اقدامات پر اجلاس کے دوران تبادلۂ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جو محکمہ خزانہ کا قلمدان بھی سنبھالے ہوئے ہیں، اپنی حکومت کا دوسرا بجٹ پیش کریں گے۔










