سرینگر/۱۷؍اکتوبر
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سرینگر نے سرکاری فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کے ایک معاملے میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) محکمہ کے سابق چیف انجینئر غلام محمد بٹ اور چار دیگر افراد کے خلاف خصوصی عدالت (پی ایم ایل اے) سرینگر میں استغاثہ کی شکایت دائر کی ہے۔
ای ڈی نے ایکس (سابق ٹویٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ یہ کارروائی منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق قانون ۲۰۰۲ کے تحت کی گئی ہے۔ مقدمے میں غلام محمد بٹ کے علاوہ راجنیش بل، محمد امین وانی، نثار احمد بٹ اور ایم/ایس بابا انٹرپرائزز کے پارٹنر عمران بابا کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق ان تمام افراد پر سرکاری فنڈز کے مبینہ غبن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد ہیں۔ ای ڈی نے بتایا کہ معزز عدالت نے ملزمان کے خلاف پیش از سماعت نوٹس جاری کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ پی ایچ ای کشمیر کے بعض منصوبوں کے فنڈز میں مبینہ مالی بے قاعدگیوں سے متعلق ہے، جس کی جانچ ای ڈی نے گزشتہ برس شروع کی تھی۔ ادارے نے اس دوران متعدد بینک کھاتوں، لین دین کے ریکارڈ اور جائیدادوں کی تفصیلات بھی ضبط کی تھیں۔










