سرینگر/۲۱فروری
وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اب 24 فروری تک موسم میں کسی خاص تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تاہم بعد ازاں 26 سے 28 فروری تک وادی میں برف و باراں کا ایک اور مرحلہ متوقع ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 26 سے 28 فروری تک وادی میں کئی مقامات پر برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
دریں اثنا سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 11.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7.8 ملی میٹر بارش اور 7 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں 14.6 ملی میٹر بارش اور 13 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے ۔
سری نگر ہوائی اڈے پر11.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
شمالی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 9.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں 14.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
چرار شریف، سوپور، اور ٹنگہ مرگ میں بالترتیب 3.6 ملی میٹر،8.0 ملی میٹر اور 14.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں بالترتیب 12.0 ملی میٹر اور 6.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام اور گاندربل میں بالترتیب 7.0 ملی میٹر اور9.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں اور کولگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب 12.0 ملی میٹر،5.0 ملی میٹر، 10.5 ملی میٹر اور 5.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
جموں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 27.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کٹھوعہ، اودھم پور، رام بن، پونچھ، راجوری، کشتواڑ، ریاسی اور سانبہ میں بالترتیب34.2 ملی میٹر، 34.6 ملی میٹر، 35.5 ملی میٹر، 23.0 ملی میٹر،20.0 ملی میٹر، 16.0 ملی میٹر21.0 ملی میٹر اور20.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
وادی میں خراب موسمی صورتحال سے شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ ہوا ہے ۔
گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
ادھر تازہ برف و باراں سے وادی میں لوگوں بالخصوص کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔
وادی میں خشک موسم صورتحال سے جہاں وادی کئی چشمے سوکھ گئے ہیں، وہیں اس دوران کئی علاقوں کے جنگلوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں سال رواں کے پہلے ڈیڑھ ماہ کے دوران بارش کی 79 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران جموں میں بارش کی 84 فیصد کمی درج ہوئی ہے ۔