سرینگر/۱۲فروری
وزیر اعلیٰ‘ عمر عبداللہ نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ انہوں نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ حالیہ ملاقات کے دوران کٹھوعہ اور سوپور واقعات پر تبادلہ خیال کیا۔
وسطی کشمیر کے بیہامہ میں آگ سے متاثرہ خاندان سے ملاقات کے بعد وزیر اعلی نے کہا کہ وزیر داخلہ کے ساتھ ان کی ملاقات اچھی رہی۔ کٹھوعہ اور سوپور واقعات سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمر کاکہنا تھا”ہم نے دونوں معاملوں کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا“۔
وزیر اعلیٰ نے کہا”ہم نے جموں کشمیر کی ریاست کا درجہ بحال کرنے اور جموں و کشمیر اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا“۔
عمر نے شاہ کے ساتھ اپنی بات چیت کے دوران جموں و کشمیر کی ریاست کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا”ظاہر ہے، ہم نے ریاست کے بارے میں بات کی۔ اس وقت جموں و کشمیر ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہے اور مرکز اس میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ بجٹ اجلاس ۳مارچ کو ہوگا، اس لئے ہمیں اس کا انتظار کرنا چاہئے۔“