سرینگر//
سرینگر کے پال پورہ نور باغ اور چھانہ پورہ علاقوں میں پیر کوآتشزدگی کے دو واقعات میں۷رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے ۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ نور باغ پال پورہ کی رکھ کالونی میں پیر کی صبح ۱۱بجکر ۲۰منٹ پر ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں متصل واقع تعمیراتی ڈھانچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
عہدیدار نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس جائے واردات پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوششوں میں جٹ گئے ۔ان کا کہنا تھا کہ آگ کی اس واردات میں۵رہائشی مکان کاکستر ہوگئے جن میں سے تین مکان یک منزلہ جبکہ دو مکان سہہ منزلہ تھے ۔انہوں نے کہا کہ انتہائی مشقت کے بعد آگ کو قابو میں کر لیا گیا ہے ۔
عہدیدار نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
دریں اثناسرینگر کے چھانہ پورہ علاقے میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں دور ہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی شام سری نگر کے چھانہ پورہ علاقے میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دو رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چھ فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔انہوں نے کہاکہ آگ کی وجوہات جاننے کی خاطر پولیس نے کیس درج کیا ہے۔