سرینگر//
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ک مطابق وادی کشمیر میں۱۸فروری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں۱۰فروری کو کہیں کہیں خاص طور پر شمالی اور وسطی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ اس دوران صوبہ جموں میں بھی کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں۱۲سے۱۴فروری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں ۱۵فروری کو شمالی و وسطی کشمیر کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۱۸فروری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۱۷فروری کو موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔
دریں اثنا وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری ریکارڈ ہونے سے شبانہ سردیوں کا زور تھم گیا ہے ۔
گرمائی دار لحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۸ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۰ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۳ء۴ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے ایک اورمشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۸ء۳ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۲ء۴ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۶ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں چلہ کلان کے اختتام کے بعد۲۰روزہ چلہ خورد شروع ہوا ہے گرچہ اس میں بھی بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے تاہم سردیوں کا زور تھم جاتا ہے ۔