سرینگر//
جموںکشمیر اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) نے فائر اینڈ ایمرجنسی میں تعینات کلرک کو چار ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایاکہ بیورو کو ایک شکایت موصول ہوئی کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سوپور میں تعینات کلرک نثار احمد وانی این او سی کے حصول کی خاطر پانچ ہزار روپے کا تقاضہ کررہا ہے ۔
شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ بارہ مولہ میں لکڑی سیل ڈیپو کھولنے کیلئے محکمہ جنگلات سے ڈیپو لائسنس حاصل کرنے کی خاطر آن لائن درخواست جمع کرنے کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ سے این او سی لازمی تھی۔
ترجمان نے کہا کہ جب شکایت کنندہ نے متعلقہ محکمہ کے کلرک نثار احمد وانی سے رجوع کیا تو اس نے تاخیری حربہ آزمایا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ کلرک نے بعد ازاں این او سی کے حصول کی خاطر پانچ ہزار روپے رشوت طلب کی اور یہ کہ ۱۵سو روپے نامعلوم بینک کھاتے میں بطور این او سی فیس جمع کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ منتخب دکاندار کے ذریعے مجوزہ ڈیپو میں مختلف آلات نصب کرنے پر بھی مجبور کیا۔
اے سی بی کے مطابق تحریری شکایت کی جانچ پڑتال کی گئی جس کے بعد کلرک کے خلاف باضابط طورپر مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔
ترجمان نے مزید کہاکہ ڈی ایس پی کی سربراہی میں اینٹی کرپشن بیورو نے ایک جال بچھایا جس دوران کلرک نثار احمد وانی کو سائل سے چار ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ان کے مطابق آزاد گواہوں کی موجودگی میں کلرک کے قبضے سے رشوت کی رقم برآمد کرکے ضبط کی گئی ۔
ترجمان نے کہاکہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔