سرینگر//
جموں کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے درب شالہ علاقے میں آتشزدگی کی ایک شبانہ واردات میں ماں اس اس کے دو بچے جھلس کر لقمہ اجل بن گئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ کشتواڑ کے بدھات درب شالہ علاقے میں دوران شب خورشید احمد کے مکان میں آگ لگ گئی۔انہوں نے کہا کہ جس کمرے سے آگ نمو دار ہوئی اس میں ماں اس کی بیٹی اور بیٹا سویا ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ کے شعلے اس قدر شدید تھے ان کو بچایا نہیں جا سکا۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس، فائر ٹنڈرس اور مقامی لوگوں نے ان کو بچانے کی بھر پور کوشش کی لیکن ان کی محنت ثمر آور ثابت نہیں ہوسکی۔
متوفین کی شناخت نازیہ بیگم (والدہ)۷سالہ آمنہ بانو اور۴سالہ رضوان کے طور پر ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
ادھرجموں کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے اس بھیانک واردات پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔
بخاری نے ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’یہ جان کر بہت تکلیف ہوئی کہ کشتواڑ کے بھوگرانہ سرور میں ایک خاتون اور اس کے دو بچے ان کے گھر میں خوفناک آگ میں جھلس کر جاں بحق ہو گئے ‘‘۔
اپنی پارٹی صدر نے کہا’’ یہ ایک ناقابل تصور سانحہ ہے الفاظ مناسب طور پر تعزیت کا اظہار نہیں کرسکتے ہیں یا غمزدگان کے درد کو کم کرسکتے ہیں‘‘۔
بخاری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کو یہ عظیم نقصان برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور مرحومین کی روح کو ابدی سکون عطا فرمائے ۔