سرینگر/ 2 نومبر
جموں کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ہفتہ کے روز سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے۔
یہ تصادم جنوبی کشمیر کے ضلع شانگس-لارنو علاقے میں ہلکان گلی کے قریب ہوا۔
ہلاک ہونے والے دو ملی ٹنٹوں میں سے ایک غیر ملکی اور دوسرا مقامی تھا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ان کے گروپ سے وابستگی کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔
اس دوران وسطی کشمیر کے ضلع سری نگر کے خانیار کے کھار محلے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان تصادم جاری ہے ۔
حکام نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کے چھپنے کے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے خانیار کے کھار محلے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران طرفین میں آمنا سامنا ہوا اور تصادم چھڑ گیا۔انہوں نے کہا کہ طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ جاری ہے ۔
کشمیر زون پولیس نے’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا”ضلع سرینگر کے خانیار علاقے میں محاصرے اور تلاشی آپریشن کے دوران گولیوں کا تبادلہ ہوا“۔انہوں نے کہا ”پولیس اور سیکورٹی فورسز کام پر لگے ہیں“۔
قابل ذکر ہے کہ یہ سری نگر میں گذشتہ دو برسوں میں پہلا انکاﺅنٹر ہے ۔سرینگر میں آخری تصادم نوگام علاقے میں 20 ستمبر2022 کو ہوا تھا جس میں انصار غزوة الہند سے وابستہ دو مقامی ملی ٹنٹ مارے گئے تھے ۔