سرینگر/۲۳اگست
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعہ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی کے بیشتر حلقوں کے لئے کانگریس کے ساتھ نشستوں کی تقسیم کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور بقیہ حلقوں پر اتفاق رائے تک پہنچنے کے لئے بات چیت جاری ہے۔
نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے جمعرات کو جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لئے قبل از انتخابات اتحاد کا اعلان کیا ، جہاں اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد پہلی بار انتخابات ہو رہے ہیں۔
این سی نائب صدر آج کولگام میں نامہ نگاروں کو بتایا”کافی حد تک اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ ہم 90 میں سے زیادہ سے زیادہ نشستوں پر اتفاق رائے پر پہنچ گئے ہیں“۔
دمحال ہانجی پورہ حلقہ سکینہ ایٹو سے پارٹی امیدوار سکینہ ایٹو کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے عمر عبداللہ نے کہا کہ باقی نشستوں پر بات چیت جاری ہے اور اتحادی جلد ہی نشستوں کی تقسیم کے معاہدے کو حتمی شکل دیں گے۔
عمر نے کہا کہ کچھ سیٹوں پر ہم بضد ہیں اور کچھ سیٹوں پر کانگریس کے مقامی لیڈر بضد ہیں۔ آج بھی اجلاس ہوں گے اور ہم باقی نشستوں کو حل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ اپنے امیدواروں کا اعلان کیا جاسکے۔تاہم سابق ریاست جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔
یہ پوچھے جانے پر کہ پارٹی پہلے مرحلے میں باقی نشستوں کے لئے اپنے امیدواروں کا اعلان کب کرے گی، عمر نے کہا کہ کوئی جلدی نہیں ہے۔
این سی نائب صدر نے کہا”اب تک کس پارٹی نے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے؟ ایک پارٹی نے بڑی چالاکی سے لوگوں کو حلقہ انچارج کے طور پر نامزد کیا ہے، ہمارے حلقے کے انچارج پچھلے دس سالوں سے کام کر رہے ہیں۔ تو، آپ ہماری فہرستوں کے پیچھے کیوں ہیں، ان سے پوچھیں“۔
عمر نے پی ڈی پی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فہرست 27 اگست تک کسی بھی صورت میں جاری کی جائے گی۔
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی جمعرات کو یہاں نیشنل کانفرنس کی قیادت کے ساتھ بات چیت کے بعد نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کانگریس اور این سی اتحاد کا اعلان کیا۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں ہوں گے جن میں 18 ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر شامل ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔ (ایجنسیاں)