نئی دہلی/۲۰اگست
کانگریس صدر‘ ملکارجن کھرگے اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم میٹنگوں کے لئے 21 اور 22 اگست کو جموں اور سرینگر کا دورہ کریں گے۔
کانگریس صدر کھرگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے پیر کے روز چار ریاستوں کے جنرل سکریٹریوں، انچارجوں اور اسکریننگ کمیٹی کے ممبروں سے ملاقات کی تھی۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری (آرگنائزیشن) کے سی وینو گوپال نے کہا کہ 21 اور 22 اگست کو کانگریس صدر ملکارجن کھرگے جی اور قائد حزب اختلاف راہول گاندھی آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں اہم میٹنگوں کے لئے جموں اور سرینگر کا دورہ کریں گے۔
کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری غلام احمد میر نے جموں میں پی ٹی آئی کو بتایا کہ کھڑگے جی اور راہل جی کل سے دو دن کے لئے جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔ وہ کل دوپہر جموں پہنچیں گے۔
میر نے کہا کہ اپنے قیام کے دوران وہ جموں اور سرینگر دونوں میں رہنماو¿ں اور کارکنوں کے ساتھ وسیع پیمانے پر میٹنگیں کریں گے ، جس کا مقصد پارٹی کیڈر کو متحرک اور مضبوط بنانا ہے۔
جموں میں بات چیت کے بعد وہ چہارشنبہ کی شام سرینگر روانہ ہوں گے تاکہ وہاں کے کارکنوں کے ساتھ بات چیت جاری رکھ سکیں۔جمعرات کو وہ سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کریں گے۔
پیر کو میٹنگ کے بعد وینو گوپال نے نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ رہنماو¿ں نے جموں و کشمیر، ہریانہ، جھارکھنڈ اور مہاراشٹر میں انتخابات کی تیاریوں اور امیدواروں کے انتخاب کے لئے رہنما خطوط پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کےلئے مرکزی الیکشن کمیٹی کا اجلاس اگلے تین سے چار دنوں میں ہوگا۔ وینوگوپال نے یہ بھی کہا کہ پارٹی جموں و کشمیر میں اتحاد کے لئے تیار ہے اور اس کا بنیادی مقصد بھارتیہ جنتا پارٹی کو حکومت سے باہر رکھنا ہے۔
جموں و کشمیر کانگریس کے نئے صدر طارق حمید قرہ نے پیر کے روز کہا کہ پارٹی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لئے ’قابل احترام اتحاد‘ قائم کرنے کے لئے ہم خیال جماعتوں کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے لیکن اس طرح کے اتحاد کے پیرامیٹرز لوک سبھا انتخابات سے مختلف ہوں گے۔
جموں و کشمیر کی 90 رکنی اسمبلی کے لئے تین مرحلوں میں انتخابات 18 ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ہریانہ کی 90 رکنی اسمبلی کے انتخابات یکم اکتوبر کو ہوں گے اور دونوں انتخابات کے نتائج کا اعلان 4 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر‘ عمرعبداللہ کانگریس سے انتخابی گٹھ جوڑ کے بارے میں کہہ چکے ہیں کہ اس پر دونوں جماعتوں میں بات چیت ہو گی ۔ان کاکہنا تھا کہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے بارے میں ان کی جماعت سوچ رہی ہے اور نہ ہی اس کی کوئی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے ۔