نئی دہلی/۱۵اگست
حکومت نے نلن پربھات (آئی پی ایس) کو جموں و کشمیر پولیس کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا ہے اور وہ آر آر سوائن (آئی پی ایس) کی جگہ لیں گے جو اس سال 30 ستمبر کو اپنی سبکدوش ہو رہے ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک حکم کے مطابق1992 بیچ کے آئی پی ایس افسر کو فوری طور پر جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل ڈائریکٹر جنرل (ایس ڈی جی) کی تقرری بھی کی گئی ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ آندھرا پردیش کیڈر سے انٹر کیڈر ڈیپوٹیشن پر اے جی ایم یو ٹی(اگمٹ) کیڈر میں شامل ہونے کے بعد نلن پربھات ، آئی پی ایس (اے پی: 1992) کو فوری طور پر جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل ڈائریکٹر جنرل (ایس ڈی جی) کے طور پر جموں و کشمیر میں تعینات کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ حکم میں کہا گیا ہے کہ اس سال 30 ستمبر کو آئی پی ایس (اے جی ایم یو ٹی: 1991) آر آر سوائن کی ریٹائرمنٹ کے بعد پربھات (آئی پی ایس) کو 01.10.2024 سے اگلے احکامات تک جموں و کشمیر کا ڈی جی پی مقرر کیا گیا ہے۔