کرگل /26جولائی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کو ہدفہ تنقید بناتے ہوئے کہاکہ اگنیویر اسکیم کی مخالفت کرنے والے لوگ ہی ماضی میں دفاعی بجٹ گھوٹالے میں ملوث رہے ہیں۔
مودی نے کہاکہ یہ لوگ نہیں چاہتے کہ فوج اور آئی اے ایف خود انحصار ہو۔
ان باتوں کا اظہار وزیر اعظم مودی نے دراس میں کرگل وجے دیوس کے موقع پر منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
مودی نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ان کے سبھی مسائل حل کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا”کانگریس نے اپنے دور میں فوج کے مطالبات کو نظر انداز کیا لیکن موجودہ مرکزی حکومت نے اس سمت میں بہتر کام کیا ہے “۔
اگنی ویر اسکیم پر بات کرتے ہوئے وزیرا عظم نے کہا”اس اسکیم کی مخالفت کرنے والے دراصل وہی لوگ ہیں جنہوں نے ماضی میں ہزاروں کروڑ روپے دفاعی بجٹ کا گھوٹالہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ لوگ کھبی نہیں چاہتے تھے کہ آئی اے ایف اور فوج مضبوط و مستحکم ہو“۔
وزیر اعظم مودی نے کہاکہ بی جے پی نے فورسز کے مفادات کی خاطر ون رینک ون پنشن اسکیم کونافذ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ان کے مطابق مرکزی حکومت فوج میں جدیدت لانے کے حوالے سے اپنے وعدے پر کاربند ہے لیکن اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے اگنیویر اسکیم پر سوالات اٹھانا سمجھ سے باہر ہے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس سمیت دوسری سیاسی پارٹیاں اگنی ویر اسکیم پر سیاست کر رہی ہیں۔
پی ایم مودی نے کہاکہ بھارتی افواج دنیا کی طاقتور اور مضبوط ترین فورس ہے اور ماضی میں بھی دشمن کو شکست دی اور مستقبل میں بھی پڑوسی ملک کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے ۔