جموں/23جولائی
پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران ایک جوان شدید طورپر زخمی ہوا اور بعد ازاں وہ زندگی کی جنگ ہار گیا ۔
اطلاعات کے مطابق پونچھ کے کرشنا گھاٹی بتل سیکٹر میں منگل کی صبح فوج نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا ۔
ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی کے نزدیک سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین کافی دیر تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں ایک جوان زخمی ہوا ۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمی فوجی جوان کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ جانبر نہ ہو سکا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
دریں اثنا فوج کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے بٹل سیکٹر میں منگل کی علی الصبح مستعد فوجی جوانوں نے در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا تاہم اس دوران ایک فوجی جوان زخمی ہوا۔
فوج کی شمالی کمان نے’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا”الرٹ فوجی جوانوں نے بٹل سیکٹر میں منگل کی علی الصبح۳بجے در اندازی کرنے والے دہشت گردوں کو فائرنگ کے ساتھ مصروف رکھ کر ان کی طرف سے کی جانے والی در اندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا“۔
پوسٹ میں کہا گیاکہ طرفین میں بھاری فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک فوجی جوان زخمی ہوا۔پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے ۔